راولپنڈی: سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اہلیہ نے پولیس رپورٹ کے بعد شوہر کے بازیابی کی درخواست واپس لے لی۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران محمد اکرم کی اہلیہ، ان کی وکیل ایمان مزاری اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پولیس نے محمد اکرم سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کر تے ہوئے بتایا کہ محمد اکرم ہمارے پاس تھا، نہ ہمیں کسی مقدمے میں مطلوب تھا۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف شیخوپورہ میں اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کیا ہے اور جسمانی ریمانڈ پر تھے مگر اب جوڈیشل ہوگئے ہیں۔
بعد ازاں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد محمد اکرم کی اہلیہ نے عدالت سے بازیابی کی اپنی پٹیشن واپس لے لی۔
واضح رہے کہ دو ماہ سے غائب اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے بارے میں 3 دن قبل معلوم ہوا تھا کہ وہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی تفتیشی ٹیم کے پاس 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ان کےخلاف اینٹی کرپشن شیخوپورہ میں مقدمہ سامنےآیا تھا۔