پیر,  24 نومبر 2025ء
عطا تارڑ نے پی ٹی ایم پر پابندی لگائے جانے کی وجوہات بتادیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی ایم کے کالعدم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) اور افغان طالبان سے رابطے ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے رابطے کی بنیاد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ  پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرونی فنڈنگ مل رہی ہے اور ان کا بیانیہ پاکستان مخالف ہے، پی ٹی ایم سے منسلک افغان شہریوں نے پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کیا اور پرچم کی بےحرمتی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی ایم کو کسی بھی طرح کا تعاون فراہم کرنا ممنوع ہے، تنظیم کے دہشت گرد گروپوں سے رابطے اور فنڈنگ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی تنظیم کو ثبوتوں کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا جاتا ہے، یہ دیکھا جاتا ہے کہ ان کی فنڈنگ کہاں سے ہورہی ہے اور ان کے مقاصد کیا ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ سفارتخانوں سے جھنڈے اتارنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پی ٹی ایم نے پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا آئی جی اسلام آباد کو ہٹانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں، پی ٹی ایم کے ساتھ رابطے کرنے والی تنظیموں کےلیے یہ وارننگ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کل اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کےلیے کل جماعتی کانفرنس ہوئی، جس میں تحریک انتشار نے حصہ نہیں لیا جبکہ بانی پی ٹی آئی نے لندن جاکر زیک گولڈ اسمتھ کی مہم چلائی تھی۔

مزید خبریں