پیر,  30 دسمبر 2024ء
گنڈا پور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبر پختونخوا کی ناک کٹوا دی ، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے کل سے خود ساختہ روپوشی اختیار کی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل ایک جتھہ آیا تھا جو پرامن ہونے کا دعویٰ کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے ملک دشمنی، یہ ایس ای او اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے وزیراعظم کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین کی خود ساختہ رو پوشی کو حکومت کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے، اگر وہ گرفتار ہوئے تو ثبوت دیں، گنڈا پور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبر پختونخوا کی ناک کٹوا دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، ان کی پوری کوشش ہے عمران خان رہا نہ ہو، خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلا کرڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور کسی ادارے کی حراست میں نہیں ، چھاپے سے پہلے بھاگ گئے تھے ، وزیر داخلہ

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت میرا صوبہ آگ کی ہولی کھیل رہا ہے اور وزیراعلیٰ کو پتہ ہی نہیں، حکومت امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں صرف کرپشن ہو رہی ہے ، ان کے جلوسوں میں دہشتگردوں کو لایا جاتا ہے۔

مزید خبریں