هفته,  05 اکتوبر 2024ء
لاہور میں امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا

لاہور (روشن پاکستان نیوز )لاہور میں امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق لاہور میں رینجرز کو امن وامان قائم رکھنےکے لیے طلب کیاگیا ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہےکہ جی پی او چوک کے باہر اور کئی دیگر پوائنٹس پر رینجرز موجود ہے۔خیال رہے کہ لاہور میں احتجاج کے پیش نظر شہر کے داخلی راستے بند کرکے مختلف شاہراہوں پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔

جی ٹی روڈ سے بتی چوک آنے والا راستہ کنٹینر لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، مینار پاکستان جانے والے تمام راستوں پر بھی کنٹینر رکھ دیےگئے ہیں۔ رنگ روڈ محمود بوٹی سمیت مختلف مقامات سے بند ہے،گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں ۔ بابو صابو انٹر چینج بھی کنٹینرز کے ذریعے سیل کردیا گیا ہے۔ایمبولینسیں پھنسنے سے مسافروں کے ساتھ ساتھ مریض بھی پریشان ہیں۔ لاہور سے دوسرے شہر جانے والی ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے اور ویگن والوں نے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔

دوسری جانب ایس سی او کانفرنس کے پیش نظر پنجاب حکومت نےی امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کو طلب کیا ہے۔وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے فوج کی خدمات سے متعلق قواعد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت مسلح افواج کو طلب کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فوج، سول آرمڈ فورسز اور پولیس سے مل کر ایس سی او کانفرنس میں امن و امان برقرار رکھے گی، ائیر پورٹس، راستوں، مقامات اور اردگرد علاقوں میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔پنجاب حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج کو واضح غیر مبہم رولز آف انگیجمنٹ دیے گئے ہیں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی خطرے کی اطلاع حاصل کرسکیں گے، دشمن عناصر، ہجوم یا فسادیوں کی طرف سے حملہ یا دھمکی کے موقع پر اقدامات کر سکیں گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے پی ہاﺅ س اسلام آباد پہنچ گئے

مزید خبریں