جمعرات,  28 نومبر 2024ء
پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ 5 ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رواں مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر)2024 کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 4.24 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ارب 43 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران برآمدات میں 14.11 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی برآمدات 7 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ برآمدات 6 ارب 90 کروڑ ڈالر تھیں۔

موقر قومی اخبار کے مطابق درآمدات میں بھی 9.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کا مجموعی حجم 13 ارب 31کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ تجارتی خسارے میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد جولائی تا ستمبر کے دوران تجارتی خسارہ 5 ارب 43 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات 13.52 فیصد تک بڑھ گئیں اور ان کا حجم 2ارب 80کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچا جبکہ ستمبر 2023 میں یہ 2ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھیں۔

دوسری جانب، گزشتہ ماہ درآمدات کا حجم 4ارب 58کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا اور اس کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہوا جو ایک ارب 78 کروڑ ڈالر رہا۔

مزید پڑھیں: برطانوی جیلوں کے بہت زیادہ بھر جانے کے خلاف ہنگامی اقدامات

اگست کے مقابلے میں ستمبر 2024 میں بھی برآمدات میں 1.56 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 2 ارب 76 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا جبکہ تجارتی خسارے میں بھی 1.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں