کراچی(روشن پاکستان نیوز) کراچی کے علاقے لیاری میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خواتین سمیت 7 افراد جھلس گئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے 4 ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی کے فلیٹ میں سلنڈر کا دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 4 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں رہائشی فلیٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، 2 ملزمان سلمان اور یاسین زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
بھینس کالونی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں پکڑگئے، پولیس نے اسلحہ اورمسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ادھرآئی سی آئی پل پرڈاکوؤں کی فائرنگ سے 17 سالہ ناصر زخمی ہوا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، 2 پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی
فشری کوآپریٹنگ سوسائٹی کے دفتر میں فائرنگ سے سرکاری ملازم وحیدزخمی ہوگیا، ماہی گیروں نے چیئرمین فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، جمعہ کو کے پی ٹی پورٹ کو بند کرنے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس نے فائرنگ میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا۔