هفته,  05 اکتوبر 2024ء
اسلام آباد پولیس کا کامیاب گرینڈ سرچ آپریشن: متعدد گرفتاریاں اور منشیات برآمد

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی پولیس نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ اس آپریشن کی نگرانی زونل ایس پیز نے کی، جہاں پولیس کی بھاری نفری اور لیڈی پولیس فورس نے بھی شرکت کی۔آپریشن سے قبل زونل ایس پیز نے نفری کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سرچ آپریشن کے دوران 1440 مشکوک افراد، 734 گھروں، ہوٹلوں اور موٹلز کی جانچ کی گئی۔ اس دوران ایک اشتہاری مجرم سمیت سات جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

مزید برآں، 218 مشتبہ افراد کو تھانوں میں منتقل کیا گیا اور 34 افراد کے خلاف انسدادی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تین منشیات فروشوں سمیت دس ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 1 کلو 736 گرام چرس، 500 گرام ہیروئن، 15 بوتلیں شراب، اسلحہ معہ ایمونیشن اور خنجر برآمد کیے گئے، جن کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی بیخ کنی کے لیے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔ عوام سے درخواست ہے کہ چیک پڑتال کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔ عوام الناس کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں