اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہےجس کے بغیر ترقی ناممکن ہے ۔اس سلسلہ میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں جنھیں دور کرنا بہت ضروری ہے۔ اسلام آباد ویمن چیمبر کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کئی قوانین میں قابل ذکر تبدیلی لائی گئی ہے جس کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں میں سے ایک تعلیم ہے جسے بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور لڑکیوں کے لیے تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔خواتین کو معاشی طور پر بھی بھی اختیار بنایا جا رہا ہے اور انکے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ اب خواتین کی سیاست میں نمائندگی پہلے سے زیادہ ہےاور انکی صحت کو بہتر بنانے کو بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ بعد ازاں نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا گیاجس میں صدر ثمینہ فاضل، ایس وی پی شمائلہ ناز، وی پی رابعہ فرحان، اور ایگزیکٹو ممبران نبیلہ سمیع، صائمہ ناز جمشید، ثمینہ بشیر، شازیہ عمران، ممتاز اختر ،رابعہ علی، تسمیہ رینا، فریدہ راشد، اور ثناء امین شامل تھیں۔اس موقع پر عادل شیراز، ، مقدس علی، عمارہ بتول اور ثمینہ فاضل نےبھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے باوجود کئی چیلنجز برقرار ہیں۔ ثقافتی مسائل، صنفی بنیاد پر تشدد اور معاشی عدم مساوات خواتین کو بااختیار بنانے کی مکمل تکمیل میں رکاوٹ ہیں۔نو منتخب صدرثمینہ فاضل نے کہا کہ ہمیں خواتین کے حقوق کو برقرار رکھنے والے ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، سول سوسائٹی، خواتین چیمبرز اور بین الاقوامی تنظیموں کی مشترکہ کاوشیں قابل ستائش ہیں لیکن اس شعبے میں بہت زیادہ کام باقی ہے تاکہ ہر خاتون اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
مزید پڑھیں: ہمارے معاشرے میں خواتین کی غلطیاں تسلیم کرنے کی گنجائش نہیں، زویا ناصر










