اتوار,  29  ستمبر 2024ء
سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں بے قاعدگیاں: انتظامیہ اور سابق صدر کے خلاف کارروائیاں

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ بجلی چوری کے الزام میں ملوث پائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں آئیسکو نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ سابق صدر عنصر گوندل کے خلاف 62 کروڑ روپے کے غبن کی انکوائری بھی جاری ہے، جبکہ موجودہ صدر رضا گوندل کے خلاف بھی ہراسانی کی درخواستیں دی گئی ہیں۔

مقامی رہائشیوں نے ڈی سی اور دیگر اعلیٰ حکام کو درخواستیں دیں لیکن ان کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ سوسائٹی کے لوگ پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ انتظامیہ چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی پلاٹنگ میں مصروف ہے۔

سابق صدر عنصر گوندل نے فیز ٹو سواں گارڈن کے نام پر زمین نہ ہونے کے باوجود 1600 پلاٹس الاٹ کیے، جس پر ہائی کورٹ کی ہدایت پر ایف آئی آر 29/23 درج کی گئی۔ انکوائری میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے رضا گوندل نے ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم نہیں کیا اور نہ ہی سمن کا جواب دیا۔

ذرائع کے مطابق، موجودہ صدر نے بھی ایک ہزار پلاٹس الاٹ کیے ہیں اور متعدد رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کر دیا ہے۔ سوسائٹی کی مسجد کے پلاٹ کی بھی فروخت کی گئی ہے، جبکہ سوسائٹی کے مالی معاملات میں بھی بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں۔

صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے محکمہ صحت نے بھی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ سوسائٹی کے ریکارڈ اور فائلوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف بھی متعدد ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ سواں گارڈن کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ شدید مشکلات کا سامنا کریں گے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News