راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) صدر پناہ، میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا یہ بیان دل کا عالمی دن کے موقع پر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کی تقریب میں دیا گیا، جس کا مقصد لوگوں کو دل کی بیماریوں سے آگاہی دینا تھا۔
کیانی نے کہا کہ غیر صحت مند خوراک، جیسے چینی، نمک، چکنائی اور تلی ہوئی اشیاء، دل کی بیماریوں کی بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کو شامل کریں اور باقاعدگی سے ورزش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دل کے امراض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، سالانہ 240,720 سے زائد لوگ دل کی بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہوتے ہیں۔
میجر جنرل نصیر احمد سمور نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال دل کی بیماریوں کی وجہ سے تقریباً 1.79 کروڑ لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ کرنل شکیل مرزا نے غیر متعدی بیماریوں کو اموات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ ثناہ اللہ گھمن نے بتایا کہ غیر متعدی بیماریوں کی وجہ سے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اور پناہ حکومت کے ساتھ مل کر ایسی قانون سازی کے لیے کوشاں ہے جو بیماریوں میں کمی لائے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند پاکستان کے لیے سول سوسائٹی، حکومت اور تمام شعبوں کے افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔