اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
پارہ چنار کی کشیدہ صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین کا شدید تشویش کا اظہار، حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) — مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی اور ڈاکٹر عابد حسین نے دیگر قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس میں پارہ چنار ضلع کرم کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز میں متعدد معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جس کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔

سید ناصر عباس نے سوال اٹھایا کہ کیوں مٹھی بھر شدت پسندوں کو بار بار علاقے کے امن سے کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس مخدوش صورتحال کو کنٹرول کریں اور بارڈر سے مداخلت کو روکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارہ چنار کے لوگ پرامن اور تعلیم یافتہ ہیں، لیکن انہیں خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کشیدگی کے دوران 50 افراد جانبحق ہوئے، اور اس صورتحال کے خاتمے کے لیے ایک پارلیمانی وفد نے ضلع کرم کا دورہ بھی کیا تھا۔

شرکاء نے سوشل میڈیا پر فتنہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کو بھی مسئلے کی جڑ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور زمینی تنازعات کو حل کیا جائے۔

آخر میں، انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہاں ملٹری برگیڈ موجود ہے، لیکن ریاست کی رٹ نظر نہیں آتی۔ وہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ریاست کو اپنی رٹ قائم کرنی ہوگی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بحال کیا جا سکے۔

مزید خبریں