اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
اسلام آباد: پختون جرنلسٹس فورم کی حلف برداری تقریب، ثقافتی محفل کا انعقاد، گورنر کے پی کی شرکت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پختون جرنلسٹس فورم اسلام آباد کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ اس موقع پر گورنر نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مسائل کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر کوہاٹ سے ڈی آئی خان کے علاقوں کی صورتحال اور پارہ چنار میں جاری فائرنگ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حالات پر میڈیا کو توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ مسائل کی جڑیں بات چیت میں ہیں، نہ کہ خاموشی میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بلاول بھٹو سے مشترکہ اجلاس بلانے کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔

حلف برداری کے بعد، پختون کلچر ڈے کے حوالے سے ایک شاندار محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف گلوکار نعیم طوری اور راج مروت نے اپنی دلکش گائیکی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ نوجوان صحافیوں اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے گانوں پر رقص کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

تقریب کے صدر پشتو شاعر رحمت شاہ سائل نے اپنا کلام پیش کیا، جبکہ معروف دانشور نورالامین یوسفزئی نے پختون ثقافت پر تفصیلی لیکچر دیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، اخونزادہ چٹان، این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، اور سیکریٹری نیئر علی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پی جے اے کے صدر قمر یوسفزئی، جنرل سیکرٹری گوہر محسود، اور پختون کلچر ایسوسی ایشن کے چیئر مین شعیب یوسفزئی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ یہ تقریب پختون ثقافت اور صحافتی برادری کے اتحاد کا عکاس رہی، جس کا اختتام رات گئے تک جاری رہنے والی محفل موسیقی کے ساتھ ہوا۔

مزید خبریں