جمعه,  20  ستمبر 2024ء
پنجاب حکومت نے تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا

لاہور (روشن پاکستان نیوز)پنجاب حکومت نے تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایس او پیز کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، جلسے کی جگہ کے تعین کیلئے انتظامی افسران کی مشاورت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کچھ دیر بعد جلسے کی اجازت کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا، تحریکِ انصاف کو مینارِ پاکستان کے بجائے جلسے کے لیے کوئی اور جگہ دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ کے قریب مویشی منڈی میں پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔دوسری جانب لاہور میں مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔گریٹر اقبال پارک کے تمام گیٹ بھی بند کر دیے گئے ہیں۔اس سے قبل آج لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News