پیر,  25 نومبر 2024ء
برطانیہ میں کشتی اُلٹنے سے 12 غیر قانونی تارکینِ وطن ہلاک

لندن (صبیح ذونیر) رودبارِ انگلستان میں کشتی الٹنے سے 12 غیر قانونی تارکینِ وطن ہلاک ہوگئے۔ فرانس کے وزیرِداخلہ نے کہا ہے کہ اس سانحے سے صورتِ حال کی نزاکت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بولون شہر کے نزدیک اس مقام کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جہاں یہ کشتی ڈوبی ہے۔

ہر سال ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر رودبارِ انگلستان کو عبور کرکے انگلینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ فرانس کے وزیرِداخلہ جیرالڈ ڈارمینِن کا اشارہ اِسی حقیقت کی طرف ہے۔

برطانوی حکومت نے حال ہی میں تارکینِ وطن کے حوالے سے قوانین میں تبدیلی کی ہے۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کی حوصلہ شکنی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ملک بھر میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے حوالے سے پائی جانے والی نفرت کو ختم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: لندن میں سیکڑوں افراد نسل پرستی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، سیکورٹی ہائی الرٹ

یاد رہے کہ برطانیہ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو رہائش اور ملازمت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملازمت دینے کی پاداش میں 10 انڈین ریسٹورنٹس پر 2 لاکھ 67 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں اُن لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی جو غیر قانونی تارکینِ وطن کو مکان یا کمرا کرائے پر دیتے ہیں۔

مزید خبریں