بدھ,  15 جنوری 2025ء
ان اسکولوں میں چوروں کو کون کون سے گُر سکھائے جاتے ہیں؟ دلچسپ خبر

بھوپال(روشن پاکستان نیوز)  بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بچوں کو جرائم کی تربیت دینے والے چوروں کے اسکول کے بارے میں آپ جان کر حیران رہ جائیں گے۔

بھارت میں چوری چکاری کی باقاعدہ تربیت دینے والے اسکولوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں نوجوانوں کو جرائم کی زندگی گزارنے کی تربیت دی جا رہی ہے، اس مجرمانہ تعلیم میں متعدد قسم کے اسباق پڑھائے جاتے ہیں، اور ’’گریجویشن‘‘ پر ’’پیشہ ور‘‘ گینگسٹر کی سند دی جاتی ہے۔

ہندوستانی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق وسطی بھارت مدھیہ پردیش کے تین گاؤں کاڈیا، گل کھیڑی اور ہلکھیڑی بچوں کو چوری کی تربیت دینے کے لیے بدنام ہیں، جہاں قائم اسکولوں میں 12 سال تک کے کم عمر بچوں کو تجربہ کار مجرم بننے کے لیے جیب کاٹنے، چوری اور ڈکیتی کی تربیت دی جاتی ہے۔

ان اسکولوں میں ’’اساتذہ‘‘ خود جرائم پیشہ گروہ کے ارکان اور تجربہ کار مجرم ہیں۔ جب کہ والدین کو اپنے بچوں کو ’’ہنر مند‘‘ بنانے کے لیے 2 سے 3 لاکھ روپے تک فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔

اسکول کے نصاب میں جیب تراشی، پرہجوم جگہ پر بیگ چھیننے، ڈکیتی، بینک اکاؤنٹ چوری، پولیس کو چکمہ دینے اور پکڑے جانے کی صورت میں پولیس کی مار کو برداشت کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ غریب خاندان جو اپنے بچوں کو مناسب تعلیم دینے سے قاصر ہوتے ہیں وہ ان جرائم پیشہ اسکولوں کا رخ کرتے ہیں۔ بچوں کو یہاں جوا کھیلنے اور شراب بیچنے کا طریقہ بھی سکھایا جاتا ہے۔

دوران تعلیم طلبہ کو امیر خاندانوں میں گھل مل جانے اور اعلیٰ طبقے کی ہائی فائی شادیوں میں داخل ہونے کی بھی تربیت دی جاتی ہے۔ ایک سال کی تعلیم کے بعد نوجوان امیروں کی شادیوں میں زیورات چرا کر ’’گریجویٹ‘‘ ہونے کا اعزاز حاصل کرتے ہیں۔

’فارغ التحصیل‘ ہونے کے بعد یہ بچے گینگ میں شمولیت اختیار کرتے ہیں جس پر گینگ لیڈر بچوں کے خاندانوں کو سالانہ تین سے پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرتے ہیں۔

پولیس ایک رپورٹ کے مطابق ایسے اسکولوں سے تربیت یافتہ 300 سے زائد بچے بھارت بھر میں شادیوں میں چوری میں ملوث ہیں۔ 8 اگست کو جے پور میں ایک شان دار شادی کے دوران ایک چور نے ایک بیگ چرا لیا جس میں 15 ملین روپے کے زیورات اور ایک لاکھ روپے نقد موجود تھے۔

پولیس انسپکٹر رام کمار بھگت کا کہنا تھا کہ چوں کہ زیادہ تر مجرم نابالغ ہیں، اس لیے پولیس کے لیے کارروائی کرنا ’’انتہائی چیلنجنگ‘‘ ہے۔ بھارت میں چوری کے مرتکب افراد کو 7 سال تک قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں