اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)سائبر سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے اور ممکنہ خطرات کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کےلیے نادرا، این ٹی ایل اور نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ترجمان نادارا کے مطابق ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین نادرا نے بھی شرکت کی۔ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت ممکنہ خطرات کے متعلق معلومات اور متعلقہ ڈیٹا کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا۔ سائبر سیکیورٹی خطرات اور واقعات سے متعلق حساس معلومات ایک دوسرے کو دی جائیں گی۔
انھوں نے کہا پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں کو متاثر کرنے والے واقعات پر مشترکہ جوابی کارروائیاں کی جائیں گی۔ معاہدے کے تحت سائبر سیکیورٹی واقعات کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں گی۔ترجمان نادرا کے مطابق معاہدے کے تحت ٹیکنالوجی اور حکمت عملی میں بہتری کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ تربیتی سیشن اور شہریوں کی آگاہی میں اضافہ کےلیے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔