اتوار,  24 نومبر 2024ء
مضر صحت جعلی دودھ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، کیمیکل برآمد،عملہ گرفتارکر لیا گیا

 

کراچی (روشن پاکستان نیوز)سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں مضر صحت جعلی دودھ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر کیمیکل برآْمد اور عملے کو گرفتار کر لیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں دودھ میں کیمیکل اور دیگر ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملییر کے علاقے بھینس کالونی میں کیمیکل سے مضر صحت جعلی دودھ بنانے والی مافیا کی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق اس دوران 750 کلو گرام کیمیکل برآمد کرکے ضبط کیا گیا، جس سے 9 ہزار لیٹر جعلی دودھ بنایا جانا تھا جب کہ 480 لیٹرز تیار جعلی دودھ کو تلف بھی کیا گیا۔سندھ فوڈ اتھارٹی چھاپہ مار ٹیم نے فیکٹری کے تمام عملے کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔اے ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل ہالیپوٹو نے کہا کہ انسانی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اے ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل ہالیپوٹو کا کہنا ہے کہ جعلی دودھ پانی میں کیمیکل ڈال کر بنایا جاتا تھا۔ کیمیکل ملا دودھ بنانے والے نیٹ ورک کے کارندے کافی عرصے سے گھناؤنا کاروبار کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ یہ جعلی اور مضر صحت دودھ بھینس کالونی کا تازہ دودھ بتا کر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

مزید خبریں