اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ایم این اے فہیم خان کو سعودی عرب میں مقاماتِ مقدّسہ کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا گیا، پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔
پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان کو سعودی عرب میں گرفتار کر لیا گیا، فہیم خان نے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر سیاسی وڈیو بنارہے تھے۔پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر فہیم خان نے گزشتہ روز خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہوکر ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کیا گیا تھا جو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر جاری کیا۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں فہیم خان نے کہا کہ میں خانہ کعبہ میں موجود ہوں اور مجبوراً یہ بات کرنے جارہا ہوں ، چونکہ پاکستان میں عمران خان کے خلاف ایک جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے کبھی بھی ہمیں یہ نہیں کہا کہ کسی بھی تنصیبات پر حملہ کرو یا فوج کے خلاف بات کرو کیوں کہ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ ملک بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا جھوٹا بیانیہ رچایا گیا اس میں عمران خان بالکل ملوث نہیں اور وہ لوگ یہاں آکر حلف لے کر یہ بات بولیں کہ یہ عمران خان نے کیا ہے جو انہیں 9 مئی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ عمران خان جب کہتا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائے اور میں بھی یہ کہتا ہوں کہ جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی وہ اس میں ملوث ہے، جتنے سیاسی لوگوں اور اداروں کو میں جانتا ہوں، ان سب میں میرا لیڈر عمران خان سچا ہے اور وہ پاکستان کی بات کرتا ہے۔فہیم خان نے اپنی ویڈیو میں مزید کہا کہ ہم یہاں دعا بھی کریں گے، عمران خان جلد رہا ہوں گے اور ملک کے وزیراعظم بنیں گے، پاکستان ترقی کرے گا۔