اڑیسہ(روشن پاکستان نیوز) بھارتی ریاست اڑیسہ میں برڈ فلو پھیل گیا ہے، مقامی پولٹری فارم میں برڈ فلو سے مرغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات کے بعد 20 ہزار مرغیاں مار دی گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڑیسہ کے علاقے پپلی کے ایک پولٹری فارم میں مرغیوں کے مرنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد، ریاستی حکومت کی 13 ٹیموں نے گزشتہ تین دنوں میں پپلی اور ستیہ بادی کے علاقوں میں تقریباً بیس ہزار مرغیوں کو مار دیا۔
محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرندوں کی غیر واضح موت کے حوالے سے بروقت وارننگ رپورٹس جمع کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کی H5N1 قسم متاثرہ پرندوں سے انسانوں میں سانس کے ذریعے پھیل سکتا ہے، تاہم انسان سے انسان میں منتقل ہونے کا کوئی قطعی ثبوت نہیں ہے۔
روئٹرز کے مطابق اس وبا کا مرکز ریاست کے دارالحکومت بھونیشور سے تقریباً 19 میل دور ضلع پوری میں تھا، ایک مقامی پولٹری فارم میں 1,800 مرغیاں ہلاک ہو گئی تھیں۔
H5N1 وائرس کو انتہائی پیتھوجینک سمجھا جاتا ہے اور یہ جانوروں جیسا کہ خنزیر، گھوڑوں، بڑی بلیوں، کتوں اور کبھی کبھار انسانوں میں بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی شہری بیمار گائے سے برڈ فلو کا شکار
اس وائرس کا پھیلاؤ حکومتوں اور پولٹری کی صنعت کے لیے تشویش کا باعث ہوتا ہے، کیوں کہ اس سے نہ صرف بڑی تعداد میں مرغیاں ہلاک ہو جاتی ہیں، بلکہ تجارتی پابندیاں لگنے کا امکان بھی ہوتا ہے اور انسانی منتقلی کا خطرہ بھی لاحق ہوتا ہے۔