جمعرات,  19  ستمبر 2024ء
ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ ہم پر حملے کریں اور ہم آپ کو ناراض بلوچ کہیں ، وزیر داخلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ باقاعدہ سوچ سمجھ کر ایک ہی دن بزدلانہ حملے کیے گئے، سیکیورٹی فورسز نےدہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیاہے۔ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ ہم پر حملے کریں اور ہم آپ کو ناراض بلوچی کہیں، جو ناراض بلوچی ہیں ان کو منائیں گے اور حکومت سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساری لیڈر شپ نے فیصلہ کیا ہے دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا،جس طرح کا یہ حملہ تھا ان کے عزائم کچھ اور تھے جنہیں ہماری سیکیورٹی فورسز نےخاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے مسلسل رابطے میں ہیں، انہیں اس وقت جس چیز کی ضرورت ہے وہ ہم پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حملے میں ہمارے بھی 14 جوان شہید ہوئے جن میں پولیس ، لیویز اور سیکیورٹی فورسز اہلکار شامل ہیں ، سیکیورٹی فورسز نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ ہم پر حملے کریں اور ہم آپ کو ناراض بلوچی کہیں ایسا بلکل بھی نہیں ہے ، جو ناراض بلوچی ہیں ان کو منائیں گے اور حکومت سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔

جو حملے کر رہے ہیں انہیں کسی صورت ناراض بلوچی نہیں کہا جائے گا۔ وزیراعلی بلوچستان نے بلکل ٹھیک کہا ہے کہ یہ دہشت گرد ہیں ہم بھی اس پر متفق ہیں۔ جنہوں نے بھی یہ پلان کر کے حملے کیے ان کا بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کیلئے بہت سارے بیرونی عناصر بھی ملوث ہیں ، جن لوگوں نے حملہ کیا وہ دہشت گرد ہیں۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کے جنگی طیاروں کا لبنان میں حملہ، 5 افراد ہلاک

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کچے کے حوالے سے دونوں صوبوں کو آن بورڈ کیا ہے، دہشت گردی ہمارے لیے مسئلہ ہے جس کا حل نکالا جا رہا ہے، ٹی ٹی پی افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں بہت سارے وہ لوگ ملوث ہیں جنہوں چھوڑا گیا تھا، وہ آج وہی دہشت گردی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News