بدھ,  15 جنوری 2025ء
جھوٹا بیانیہ بنا کر ایک اور 9 مئی برپا کرنے کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے:خواجہ آصف

سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز) وزیر دفاع و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جھوٹا بیانیہ بنا کر ایک اور 9 مئی برپا کرنے کا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور سپرنٹنڈنٹ جیل کی جو گفتگو سامنے آئی ہے اس کا کوئی وجود نہیں، نہ انہیں کوئی زہر دے رہاہے اور نہ ہی سپرنٹنڈنٹ سے کوئی گفتگو ہوئی ہے، صرف جھوٹا بیانیہ بنا کر ایک اور 9 مئی برپا کرنے کا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف بغاوت کا بیانیہ بنایا گیا ہے، مختلف بین الاقوامی اخبارات میں پیڈ آرٹیکل چھپوائے گئے، یہ سیہونی ایجنڈا ہے جس کے تحت یہ لوگ اقتدار میں آئے، پاکستان ایٹمی قوت ہے ان کا اس ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کا ارادہ تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی کی بغاوت کو اللہ پاک نے ناکام کیا، ڈیڑھ سال ہوگیا 9 مئی کے مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، اس تصادم میں قانونی اور آئینی اداروں نے بھی ایک پوزیشن لے رکھی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سارے بیانیے ملک مخالف ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، جیلوں کی گفتگو چھپی نہیں رہتی، علی امین گنڈا پور بزدار نمبر ٹو ہیں، سواتی صاحب اچانک کہاں سے آگئے؟

پی ٹی آئی کے جلسے کی منسوخی کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی ناکامی دیکھ کر انہوں نے جلسہ منسوخ کیا ، انہیں جلسے سے کسی نے نہیں روکا۔

مزید خبریں