اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آبادنے اپنے ممبران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے برٹش ہائی کمیشن کے تعاون سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف کمیونیکیشنزمس سنیہا لالہ نے صحافیوں کوساؤتھ ایشین جرنلزم فیلو شپ اور چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے حوالے مفید معلومات فراہم کیں۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے ادا کئے، برٹش ہائی کمیشن کی ٹیم کی پریس کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیکرٹری این پی سی نیئر علی کا کہنا تھا کہ پریس کلب اپنے ممبران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے اپنے ممبران کی سہولت اور آگاہی کیلئے برٹش ہائی کمیشن کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سیشن کا اہتمام کیا ہے تاکہ ممبران کے ذہنوں میں فیلو شپ پروگرام کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کے جوابات تلاش کئے جا سکیں، صدر این پی سی نے برٹش ہائی کمیشن کی ٹیم کو خواش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان ورکشاپس سےصحافیوں کو حکومت کی حالیہ سوشل میڈیا پالیسیوں کے حوالے سےفائدہ ہو گا۔
ایسے پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے، برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف کمیونیکیشنزمس سنیہا لالہ نے ساؤتھ ایشین جرنلزم فیلو شپ اور چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے حوالےسے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ساؤتھ ایشین جرنلزم فیلو شپ دو ماہ کے دورانئے جبکہ چیوننگ اسکالرشپ دو ماہ کے دورانئے پر مشتمل پروگرام ہے جن کیلئے دو سالہ صحافتی تجربہ لازم ہے جبکہ ساؤتھ ایشین جرنلزم فیلو شپ پروگرام کیلئے سات سال کا صحافتی تجربہ اور ماسٹر ڈگری ہولڈر ہونا ضروری ہے، ساؤتھ ایشین جرنلزم فیلو شپ پروگرام کیلئےدرخواست دینے کی آخری تاریخ دس اکتوبر ہے جبکہ چیوننگ اسکالر شپ پروگرام کیلئے درخواستوں کی وصولی نومبر تک ہو گی،تمام کورسز انگریزی میں ہونے کی وجہ سے امیدوار کو انگریزی زبان پر عبور ہونا چاہئے، ان پروگراموں کیلئے ایک سے زائد بار اپلائی کیا جا سکتا ہے، مس سنیہا لالہ نے مزید کہا کہ درخواست فارم پر کرتے وقت مصنوعی ذہانت کا استعمال نہ کریں۔
بصورت دیگر آپکی درخواست کو مسترد کیا جا سکتا ہے،اس موقع پر اسکالرشپ الیمونائی سینئر صحافی شمائیلہ نورین اور شبیر حسین نے شرکاء کو اپنے تجربات سےآگاہ کیا ، تقریب میں موجود صحافیوں نے سوالات کئے اور پروگرام کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کی۔