اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے دو روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے 23 تا 24 اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے موسلا دھاربارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کے ساتھ دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،اس کے علاوہ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔مسافراور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں، نشیبی علاقے ڈوب گئے
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظرانتظامیہ الرٹ ہیں۔