اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی سمری وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے صدر مملکت آصف زرداری کو بھجوا دی گئی ہے۔یاد رہے کہ 9 اگست کو قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ایک ادارہ بار بار پارلیمان میں مداخلت کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل جو ملک میں چل رہا ہے، جیسی تقسیم سیاست میں موجود ہے وہ تاریخ میں نہیں ملتی اور اسی وجہ سے جو عوام معاشی بحران سے گزر رہے ہیں ہم ان کی مدد نہیں کر پارہے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ملک کے چاروں کونے میں مشکل ہوتی جارہی مگر ہم ایوان میں متفق رائے بھی نہیں بنا سکتے، دن رات ہم ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں، ہم ایک دوسرے کو چور غدار کہہ رہے ہیں، ہمیں کوئی طریقہ نکالنا پڑے گا کہ لڑائیاں لڑیں مگر سیاست کے دائرے میں رہ کر۔