اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایوانِ صدر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ مملکت ارشد ندیم کو خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے، ان کو سول ایوارڈ کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔
ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطا کرنے کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ان کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی۔
اضح رہے کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔
ارشد ندیم نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی و لمبی 92.97 میٹر کی تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ اور ایشیا ریکارڈ قائم کیے۔
انہوں نے جیولین تھرو کے فائنل راؤنڈ میں 2 بار 90 میٹر کا حدف عبور کر کے اولمپکس کی 116 سالہ تاریخ رقم کی۔