جمعرات,  14 نومبر 2024ء
کمیٹی میں سے کمیٹی نکلے گی تو پھر کمیٹی چوک ہی نکلےگا،لیاقت بلوچ

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز)بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا۔

جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مہنگی بجلی کے خلاف دھرنا جاری ہے۔ وہیں کمشنر ہاؤس پنڈی میں جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ہوا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیکنیکل ارکان نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کو ابتدائی بریفنگ دی اور جماعت اسلامی کے مطالبات پر ٹیکنیکل اراکین نے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ تاحال مذاکرات کیلئے نہیں پہنچ سکے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ آج ہمارے مذاکرات کا دوسرا دورتھا اور ہم 6 روز سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، ہمارے کارکنان دھوپ، بارش اور حبس میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ دھرنا عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے دیا ہے، صنعتکار اور تاجرہمارے ساتھ ہیں، ملک میں سیاسی بحران بھی ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ حکومت کمیٹی کمیٹی کھیلنے کے بجائے عوام کو ریلیف دے، جماعت اسلامی نے ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف رکھ دیا ہے اورحکومت کی ٹیکنیکل کمیٹی نے ہمارے مطالبات سے اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد نے مطالبات کی پیشرفت کیلئے مزید وقت مانگا ہے، کمیٹی میں سے کمیٹی نکلے گی تو پھر کمیٹی چوک ہی نکلےگا، اب کمیٹی کمیٹی نہیں چلے گی، حکومت کی غیرسنجیدگی نظر آئے تو ہم مذاکرات سےالگ پرہوجائیں گے، حکومتی کمیٹی نے وقت لیا ہے، دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن امیرمقام نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مطالبات پر مزید مشاورت کریں گے، ہم بھی چاہتے ہیں بجلی، پٹرول سستا ہو، تنخواہ داروں پر ٹیکس کم ہو۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں 6 روز سے دھرنا جاری ہے۔

مزید خبریں