اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کا کہنا ہے کہ الیکشن کے روز ملک میں انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہوگی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کے روز صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی اور انٹرنیٹ سروس بغیر کسی تعطل اور رکاوٹ کے جاری رہے گی۔ حکومت نے پولنگ کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کے کوئی احکام نہیں دئیے۔
گزشتہ روز نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی ہے۔ کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلہ کرسکتی ہے۔