لاہور (روشن پاکستان نیوز)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت عدالتوں کے قیام کے خلاف ہیں، یہ کورٹس ہمارے خلاف کیسز کیلئے بنائی گئی ہیں۔وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کے حکم کی روشنی میں پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان کے ٹرائل کیلئے عدالتیں تشکیل دے دی ہیں۔
جن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سول جج ایسٹ اینڈ ویسٹ کو ٹرائل کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں متعلقہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے ججز نامزد ہوں گے۔ملک احمد بھچر نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل سکس لگا کر دیکھیں حکومت کو دن میں تارے نظر آجائیں گے، فارم سینتالیس والی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم مزاحمت کی طرف جا رہے ہیں، ہم ہر ضلع میں علامتی بھوک ہڑتال کریں گے، ہمارے ورکرز تیار ہیں اور احتجاج کا دائرہ کار بڑھائیں گے، ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے کیونکہ آپ پارٹی بن گئے ہیں۔