جمعه,  27 دسمبر 2024ء
’’خفیہ پیغام‘‘ کے بعد کراچی کی شاہراہوں سے اچانک تجاوزات غائب

کراچی(روشن پاکستان نیوز) تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع ہونے سے ایک دن پہلے ہی ’’خفیہ پیغام‘‘ کے بعد اہم شاہراہوں سے تجاوزات غائب ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر پیر سے شہر میں شروع ہونے والا آپریشن بغیر کسی پولیس فورس اور انتظامیہ کے بغیر پہلے ہی کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے۔

ہفتہ کی رات کو شہر میں تجاوزات کی مبینہ سرپرستی کرنے والے کے ایم سی ملازمین نے تجاوزات قائم کرنے والوں کو خفیہ پیغام دیا کہ پیر سے آپریشن شروع ہونیوالا ہے جس میں رینجرز بھی شامل ہوگی لہذا آپ اپنی تجاوزات اتوار کی رات تک سڑکوں، فٹ پاتھوں سے اٹھالیں جس کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات غائب ہوگئیں۔

بینکوں اور نجی اداروں نے اس ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا کیوں کہ ان کے پاس بلدیاتی اداروں کے اجازت نامے ہیں جنہیں کے ڈی اے، کے ایم سی اور ٹائون انتظامیہ نے منسوخ نہیں کیا۔

کراچی کے شہری سڑکوں سے اچانک تجاوزات غائب ہونے سے پریشان ہوگئے کہ ایسا کیسے ممکن ہے لیکن کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ جب بھی پولیس اور ادارے چاہتے ہیں تو سڑکیں صاف ہوجاتی ہیں اور پھر انہی اداروں کی سرپرستی میں اچانک آباد ہوجاتی ہیں۔

 

مزید خبریں