بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
نوازشریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو پاکستان اس وقت ترقی یافتہ ممالک کی صف میں‌کھڑا ہوتا،اسحق ڈار

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحق نے کہا ہے کہ اگر 2017 میں نوازشریف کی حکومت نا ختم کی جاتی تو اس وقت پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ،حکومت کوسپریم کورٹ کے فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ،حکومت کے پاس سادہ اکثریت ہے اور وہ انشا اللہ اتحادیوں کیساتھ چلتی رہے گی ،پاکستان ترقی کے راہ پر گامزن ہے ،جہاں حقوق ہوتے ہیں وہیں فرائض بھی ہوتے ہیں ،ہم آپکے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں ۔

ہفتہ کو انٹرنیشنل افئیرز کے زیر اہتمام ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے اوورسیز میں موجود مسلم لیگ ن کے چیپٹرز کے صدور سے آن لائین میٹنگ سے خصوصی خطاب کیا ۔انٹرنیشنل افئیرز کے سینئر نائب صدر بیرسٹر امجد ملک اس آن لائین کے میزبان تھے ۔

اس میں تمام ممالک کے صدور و سینئرز عہدیداران نے شرکت کی ، تلاوت قرآن پاک و نعت سے میٹنگ کا آغاز ہوا۔اپنے ابتدائیے میں بیرسٹر امجد ملک نے تمام صدور و عہدیداران کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ یہ میٹنگ اسحاق ڈار کے کہنے پر مختصر نوٹس پر بلائی گئی.

بیرسٹر امجد نے اوورسیز کی اہمیت اور جو اقدامات حکومت نے کئے اس حوالے سے بتایا ۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ قانونی اصلاحات مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اوورسیز وفد کو کہا کہ مسلم لیگ (ن )تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی،مسلم لیگ (ن )کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ہم پراپیگنڈا پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے ،ان میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کانٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کائونٹرز، پبلک سیکٹر ہائوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھیجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آرا اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئے جائیں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی مصروفیات سے اوورسیز کو وقت دیا ۔بیرسٹر امجد ملک نے خطاب کیلئے اسحاق ڈار جوانٹرنیشنل افئیرز کے صدر بھی ہیں اور انکے پاس وزارت خارجہ قلمدان ہے انکو دعوت دی ۔

اسحاق ڈار نے تمام اوورسیز صدور و سینئر عہدیداران کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی خاص توجہ انکی بھلائی کیلئے رہتی ہے ، انکا مشن ہے کہ اوورسیز کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائی جائے ۔انہوں نے موجودہ پاکستان کی معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف دن رات ایک کرکے پاکستان کو معاشی مسائل سے نکالنے میں مصروف ہیں ، اٹھارہ گھنٹے وہ مصروف رہتے ہیں ، چائنہ ، سعودیہ و تمام دیگر ممالک سے پاکستان کے معاشی ترقی کیلئے رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر 2017 میں نوازشریف کی حکومت نا ختم کی جاتی تو اس وقت پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ، ہماری بھرپور کوشش کے کہ ہم پاکستان کو والی پوزیشن پر واپس لائیں ، سیاسی حالات بارے انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر مصالحت پسند ہوں لیکن تحریک انصاف نے جس طرح پاکستان کو معاشی و سیاسی و خارجی نقصان پہنچایا ہے وہ قابل معافی نہیں ، ہم اپنے اتحادیوں کیساتھ ملکر اس بارے بہتر و سود مند و قدم اٹھائیں گے ، حالیہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بالکل ایک لاڈلے کو نوازنے والا فیصلہ ہے ، اس میں آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اور تحریک انصاف جوکہ اس کیس میں کہیں موجود نا تھی اسکو نوازہ گیا ہے، کوئی بھی عام قانونی سوجھ بوجھ والا بھی اس کو غلط کہہ سکتا ہے .

سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت کواس فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا حکومت کے پاس سادہ اکثریت ہے اور وہ ان شا اللہ اتحادیوں کیساتھ چلتی رہے گی ۔سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ جہاں حقوق ہوتے ہیں وہیں فرائض بھی ہوتے ہیں ۔ ہم آپکے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں ۔

انہوں نے تحریک انصاف کی بیرون ملک میں پاکستان دشمن سرگرمیوں پر سخت غصہ کا اظہار کیا اور اپنے تمام اوورسیز صدور کو کہا کہ آپ انکے جھوٹے و پاکستان دشمن پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ،آپ پاکستان کے بارے اپنے ممالک میں بات کریں اور انکو بتائیں کہ تحریک انصاف نے اپنے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت کو کس قدر نقصان پہنچایا اور سیاسی اقدار کو پامال کیا اور نوجوان نسل کو بدتہذیب کردیا ،آپ تمام صدور بیرسٹر امجد ملک کی سربراہی میں عملی کام کریں ۔تمام کوآرڈینیٹرز اور صدور نے اسحاق ڈار کے خطاب کا مثبت جواب دیا ۔ میٹنگ میں روحیل ڈار امریکہ ، ڈاکٹرابوالفضل آسٹریلیا ، پرویز سندھیلہ ہالینڈ ، اسد مالمو ڈنمارک ، رانا لیاقت علی جرمنی نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر مکمل اعتماد کیا اور کہا کہ وہ جلد تحریک انصاف کے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے ، اور اپنی گزارشات پیش کریں گے ۔

اوورسیز پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے احسان باجوہ نے کہا کہ وہ اسحق ڈار کی ہدائت پر اپنا کردار ادا کریں گے۔حاجی پرویز بیلجئم ، قمر ریاض خان یورپ ، میاں حنیف فرانس ، مہر شمس و نور اعوان جاپان ، چائینہ سے غلام ربانی ، ترکی سے عاطف بٹ ، کینیڈا سے سہیل وڑائچ ، اور جرمنی سے عنصر بٹ نے بھی اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور اوورسیز کے مسائل بارے بھی آگاہ کیا ، جس پر اسحاق ڈار نے جلد عملدامد کروانے کی یقین دہانی کروائی.

اس میٹنگ میں خواتین بھی شریک تھیں شمع بٹ پرتگال ، فرزانہ کوثر متحدہ عرب امارات ، سائرہ شمس جدہ، ڈاکٹر کنول سعودیہ ،شازیہ شوکت ساتھ افریقہ سے شریک کانفرنس تھیں ۔ انہوں سوشل میڈیاکی اہمیت پر زور دیا ۔آخر میں اسحاق ڈار نے سب کا شکریہ ادا کیا ۔ بیرسٹر امجد کو بہترین میٹنگ ہر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ کوشش کریں گے اسطرح کی میٹنگز میں وہ شامل ہوا کریں ۔

آخر میں بیرسٹر امجد نے باقی تمام عہدیداران جوکہ گلف و دیگر ریجن سے موجود سے اور انکو بولنے کا موقع نہیں ملا انکا بھی شکریہ ادا کیا ، اور اگلے ہفتہ میٹنگ کیلئے کہااور انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اپنے صدور کے زریعے اپنی تجاویز بھجوا دیں تاکہ آرا کی روشنی میں کمیٹی تشکیل دی جاسکے۔

آخر میں مسلم لیگ (ن )بحرین کے جنرل سیکرٹری ندیم حفیظ کے بھائی ، مسلم لیگ ن ہانگ کانگ کے چئیرمین محمد ارشد اور جتنے بھی ساتھی رخصت ہوئے ہیں ان کی ناگہانی وفات پر انکی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔کانفرنس کا اختتام پاکستان کیلئے دعائے خیر سے ہوا اور آخر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

مزید خبریں