بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
ڈیٹول سوپ بنانے والی کمپنی کو گمراہ کن تشہیری مہم چلانے پر ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ڈیٹول سوپ بنانے والی کمپنی ’ریکٹ بینکرز‘ کو گمراہ کن تشہیری مہم چلانے پر ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ کر دیا۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کمپنی کو مسابقتی قانون کے سیکشن 10کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

کمپنی کے خلاف مسابقتی کمیشن کو’یونی لیور پاکستان‘کی طرف سے درخواست دی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کمپنی اپنی پراڈکٹ ’ڈیٹول سوپ‘ کی تشہیری مہم میں شہریوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔

مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل میں کمپنی خود پر عائد الزام کو غلط ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

کمپنی سے کہا گیا کہ وہ ڈیٹول سوپ کے متعلق اشتہارات میں جو دعوے کر رہی ہے، انہیں سچ ثابت کرے۔ تاہم کمپنی اس میں ناکام رہی۔ کمپنی کی طرف سے اشتہارات میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ان کا ڈیٹول سوپ 99.9فیصد جراثیم ختم کر دیتا ہے اور 24گھنٹے تک جراثیموں سے تحفظ دیتا ہے۔

کمپنی اس دعوے کو بھی سچ ثابت کرنے میں ناکام رہی، جس پر اسے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

مزید خبریں