لوٹن( روشن پاکستان نیوز)کوٹلی چڑھوئی پانچ سے پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ امیدوار برائے حلقہ ایل اے 12 ڈاکٹر یاسین رحمان نے برطانیہ میں نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاہے کہ پہلے سازش کرکے عمران خان کو حکومت سے نکالاگیا۔ نکالنے کا مقصدعوام کی نظر میں ان کو گند ا کرنا تھالیکن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عوام میں اور مقبول ہوئے ۔ اسی دن سے لیکر آج تک عمران خان کوانتقامی سازش کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد عمران خان کو چاہتے وہ عمران خان سے آندھا پیار نہیں بلکہ ان کی وژن اور پاکستان کے لئے درد رکھنے پر عمران خان کو فالو کرتے ہیں۔ اس وقت عمران خان مشکل میں ہے اور ہم سب اوورسیز پاکستانی عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سوشل میڈیا کا دورہے عوام کو سمجھ ہے کہ ملک کیلئے کو ن صحیح ہے اور کون غلط، زور زبردستی نواز شریف کو ہم مسلط کیا جارہاہے۔ ہمیں پتہ ہے کہ کیوں آپ عمران خان سے نفرت کرتے ہیں۔ عمران خان نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اوراپنے دور حکومت میں وہ کام کئے جو آج تک کوئی بھی نہیں کرسکا۔ 8فروری کو پاکستان میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی سپورٹرز انتخابات والے دن کسی بھی اور جماعت سے پرچی لے لیکن ووٹ اپنی ضمیر کی آواز پر عمران کو دیں تاکہ عمران خان پر اس ظلم کا خاتمہ ہو اور وہ باہر سرخرونکلے۔