میونخ (نیوزڈیسک)اسپین نے انگلینڈ کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر یورپیئن فٹبال کی حکمرانی اپنے نام کرلی۔
یورو کپ 2024 کے فائنل میں 2-1 کی فتح کے ساتھ اسپین سب سے زیادہ 4 مرتبہ یورو کپ جیتنے والی ٹیم بن گئی۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والے فائنل کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن دوسرے ہاف میں کھیل میں تیزی آئی اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔
47 ویں منٹ میں نکو ویلیمز نے گول کرکے اسپین کر برتری دلائی جسے 73 ویں منٹ میں انگلینڈ کے کول پالمر نے گول کرکے برابر کیا۔
کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل مکل اورزیبال نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ایکبار پھر اسپین کو برتری دلائی۔ 86 ویں منٹ میں ہونیوالا اسپین کا یہ دوسرا گول میچ کا فیصلہ کن گول ثابت ہوا جس کے ساتھ اسپین یورو 2024 کا چیمپئن بن گیا۔
یہ اسپین کا چوتھا یورو ٹائٹل ہے، جس کے بعد اسپین سب سے زیادہ یورپیئن چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم بن گئی۔
دوسری جانب انگلینڈ بھی دو مسلسل یورو فائنل ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔