پیر,  25 نومبر 2024ء
پنجاب حکومت نے’ اپنی چھت اپنا گھر’ پروگرام کی منظوری دیدی

لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دے دی ، وزيراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پروگرام کی لاؤنچنگ 14 اگست کو ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپناگھر پروگرام کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ڈاکٹرزکے لیے الاؤنس بڑھانے اور وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی بھی منظوری دی گئی۔

ڈاکٹرز کو نائٹ ڈیوٹی پر 7 ہزار، ساڑھے 7 ہزار اور 8 ہزار تک نائٹ الاؤنس ملے گا جبکہ دور دراز علاقوں میں تعینات ڈاکٹرز کے لیے روز ایک ہزار روپے پیٹرول الاؤنس دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024کی منظوری دی گئی جبکہ داتا دربار آئی اسپتال کا انتظام دوبارہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کر دیا گیا۔

کابینہ نے کاشت کاروں کے لیے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے اقدامات کو سراہا۔

اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی اور ریوینیو سروسز کے لیے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ چنگ چی او رکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے اور اسموگ کے خاتمے کے لیے موٹرسائیکل کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے موٹرسائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں یتیم طلبا کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے طریقہ کار کی منظوری بھی گئی اور وزیراعلیٰ نے یتیم طلبا و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے پراسس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کابینہ نے الاٹمنٹ میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کر دیے۔

اس کے علاوہ تمام محکموں کے لائبریرین کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر 17 گریڈ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

دوسری جانب راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای اوکی سروس کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔

پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں، تمام وزرا اپنے محکموں میں طلبا کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں، چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں۔

مزید خبریں