منگل,  22 اکتوبر 2024ء
بھارت کارگل جنگ میں حمایت کے بدلے آج اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے، سابق سفیر کا انکشاف

نئی دہلی(روشن پاکستان نیوز)بھارت میں ایک سابق اسرائیلی سفیر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کارگل جنگ میں حمایت کے بدلے آج اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں سابق اسرائیلی سفیر ڈینیئل کارمن نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارگل جنگ میں اسرائیل نے بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے، بھارت یہ بات نہیں بھولا ہے۔

ڈینیئل کارمن نے کہا کہ ممکن ہے کہ 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کا ’حق واپس کرنے‘ کے طور پر ہندوستان غزہ جنگ میں اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر رہا ہو۔ انھوں نے اسرائیلی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنھوں نے پاکستان کے ساتھ جنگ ​​کے دوران بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔

ڈینئیل کارمن 2014 سے 2018 تک بھارت میں اسرائیل کے سفیر رہے، انھوں نے کہا ’’ہندوستانی ہمیں ہمیشہ یاد دلاتے ہیں کہ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل ان کے ساتھ کھڑا تھا، ہندوستانی اسے نہیں بھولے اور اب شاید یہ احسان واپس کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کو گائیڈڈ گولہ بارود اور ڈرون سمیت فوجی ساز و سامان فراہم کیا تھا۔

ڈینیئل کارمن کا یہ بیان ان اطلاعات کے بعد آیا ہے کہ ہندوستان نے غزہ جنگ کے لیے اسرائیل کو ڈرون اور توپ خانے کے گولے فراہم کیے ہیں، فروری میں ہندوستان نے اسرائیل کو حیدرآباد میں تیار شدہ جدید ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے تھے۔

مزید خبریں