هفته,  28 دسمبر 2024ء
خدا کا واسطہ ہے ہوش کے ناخن لیں،شاندانہ گلزار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 9 اگست کو مجھے اغوا کیا گیا، اور ماسک پہنے اغوا کاروں نے پوچھا کہ ’بلاول کی پارٹی جوائن کریں گی یا مریم کی‘۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ جنہوں نے گرفتار کیا انہوں نے ماسک لگائے ہوئے تھے، ہماری عورتوں کو گرفتار کیا گیا، طیبہ راجا کو بالوں سے گھسیٹا گیا۔

شاندانہ گلزار نے کہا کہ جس عورت نے کورونا سے پورے ملک کو بچایا، اسے جیل بھیج دیا گیا، دو سال میں پاکستان سے 15 لاکھ پڑھے لکھے بچے بچیاں چلے گئے۔

شاندانہ گلزار نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کو برباد کرنے کے لئے ہے، مالداروں کے ہسپتال لندن میں ہیں، یہاں کے غریب عوام کیا کریں گے؟ کہا جاتا ہے ووٹ کو عزت دو، ووٹ کی دھجیاں اُڑا دی گئی ہیں، اس ملک پر دو پارٹیوں کا راج رہا ہے، یہ بجٹ عوام کو برباد کرنے کے لئے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، آپ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان پسند نہیں ہے تو مسئلہ نہیں، ملک کو تو بخش دیتے،خدا کا واسطہ ہے ہوش کے ناخن لیں۔

بجٹ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ بجٹ لوگوں کو برباد کرنے کے لئے بنایا گیا، ہمیں 21 ارب ڈالر قرضوں میں دیا، پی ڈی ایم نے ملک کا بیڑہ غرق کیوں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ اتنے آپریشنز کے بعد اب آپریشن غزم استحکام سامنے آ گیا ہے۔ ہر سال آپریشن خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہی کیوں کیا جاتا ہے یہ سمجھ نہیں آتی؟

انہوں نے کہاکہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ایران اتنا بے وقوف ہے کہ وہ بدلہ بلوچستان یا خیبرپختون خوا میں لے گا تو ایسا نہیں۔

مزید خبریں