شہریاریاں ۔۔۔تحریر: شہریار خان
کیا کیس ہے؟۔ حضور سرکاری راز افشا کرنے کا الزام ہے اس اعلی ترین حکومتی عہدے دار پر۔۔ الزام کیا ہے؟۔ حضور اس نے ایک ملک سے ہمارے سفیر کا بھیجا گیا خفیہ پیغام خفیہ نہ رکھا اور اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، اس سے ہمارے کئی ممالک کے ساتھ خارجہ تعلقات خراب ہوئے۔۔ اچھا، پھر بھی اس میں اس اعلی ترین حکومتی عہدے دار کا کیا قصور ہے؟۔ حضور اس نے جب عہدہ سنبھالا تو اس نے حلف اٹھایا تھا کہ اس عہدہ کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اہم سرکاری راز کی حفاظت کرے گا لیکن ایسا نہیں کیا اور اس نے اس سفیر کے خط کو پبلک کر کے ڈپلومیسی کے معاملات کو خراب کیا، اب دنیا بھر میں موجود ہمارے سفیر حکومت کو ایسا کوئی پیغام نہیں بھیجیں گے جو خفیہ ہو، اس سے ریاست کا نقصان ہو گا اور خارجہ تعلقات بھی خراب ہوں گے۔۔۔ یہ تو ہو گئے الزام۔۔ لیکن یہ الزامات ثابت نہیں ہوتے۔۔
جناب انہوں نے اس سائفر کی کاپی منگوائی اور پھر وہ کاپی بھی گم کر دی۔۔ یہ تو کوئی غلط بات نہیں ہے، ان کے پرنسپل سیکرٹری سے پوچھیں یا کسی سٹاف سے پوچھیں ان سے کھو گیا ہو گا۔۔ حضور وہ خود ایک ٹی وی انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ ان سے گم ہو گیا ہے سائفر۔۔ بہرحال، ہم بری کرتے ہیں۔
حضور والا۔۔ یہ شخص وہ کاغذات جو عوام کے سامنے لہراتا رہا وہ ثبوت ہے، اس نے اس حوالہ سے جو بیانیہ بنایا وہ ثبوت ہے، ان کے لوگ آج بھی رجیم چینج کا نعرہ لگاتے ہیں، وہ ثبوت ہے۔ یہ ایبسولوٹلی ناٹ کا نعرہ لگاتے رہے ہیں وہ ثبوت ہے۔۔ اور کیا ثبوت چاہیئے؟۔۔ آپ کے ثبوت کافی نہیں اس لیے انہیں تمام کیسوں میں بری کیا جاتا ہے۔۔ اس قسم کے کیس نہ بنایا کریں۔۔
کیا کیس ہے؟۔ حضور انہوں نے ایک پلازہ خریدا اس میں اپنی پارٹی کا سیکرٹریٹ بنا لیا، اس کے پلاٹ کی کیٹیگری کے مطابق اس پر اضافی منزل نہیں بن سکتی تھی، انہوں نے اس پر اضافی منزل تعمیر کر لی جو کہ سی ڈی اے کے بائی لاز کی خلاف ورزی تھی۔۔ کیا آپ نے انہیں اس حوالہ سے نوٹس دیا؟۔ جی حضور، انہیں پہلا نوٹس اس وقت دیا گیا جب یہ وزیر اعظم کے عہدے پر تعینات تھے، دوسرا نوٹس اس سے اگلے سال دیا تب بھی یہ وزیر اعظم تھے۔ تیسرا نوٹس اور پھر حتمی نوٹس بھیجا گیا مگر انہوں نے جواب نہیں دیا۔۔
یہ تو کوئی کیس نہیں ہوا۔۔ اگر آپ نے نوٹس بھیجا تو آپ کو چاہیئے تھا کہ ان سے پوچھتے کہ جناب آپ نے نوٹس کا جواب نہیں دیا، کیا مسئلہ ہے؟۔ لیکن آپ نے سیکرٹریٹ سیل کر دیا؟۔ اس پر آپ کو جیل نہ بھجوا دیا جائے؟۔ حضور والا۔۔ انہوں نے چند مرلے کے پلازہ کے لیے کئی کنال اراضی کے گرد دیوار تعمیر کر لی۔۔ اس میں پارکنگ بنا لی۔۔ کئی کنال پہ قبضہ تھا جو غیر قانونی تھا، اس کے بھی نوٹس بھیجے گئے تھے۔۔ میں پوچھتا ہوں اس میں گناہ کیا تھا؟۔ آپ نے بلڈنگ ہی سیل کر دی۔۔ حضور ایسا اسلام آباد میں ایک بڑے شاپنگ مال نے کیا کہ بغیر اجازت دو فلور تعمیر کر لیے تو ہم نے وہ مال پہلے سیل کیا پھر اس کے دو فلور ہم نے سیل کیے جو اب تک بند ہیں اور ریگولرائز نہ کروانے تک بند رہیں گے۔۔
نہیں، نہیں۔۔۔ باقی کیس اس کے ساتھ نہ ملائیں۔۔ ہمیں ان کا قصور بتائیں۔۔ ان بے چاروں کا قصور کیا ہے؟۔ آپ انہیں بلا وجہ تنگ کرتے ہیں۔۔ نہیں مائی لارڈ۔۔ دیکھیں کراچی میں نسلہ ٹاور کو گرا دیا گیا وہاں کئی خاندان آباد تھے، کئی لوگوں کی زندگی کی جمع پونجی تھی جنہوں نے تمام این او سی دیکھ کر نسلہ ٹاور میں اپارٹمنٹس لیے تھے، ان کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن عدالت کے حکم پر وہ عمارت گرا دی گئی تھی۔۔ ہم سے بحث نہ کریں ورنہ ہم توہین کا نوٹس دے دیں گے۔۔ جی حضور والا، اب میں خاموش رہوں گا۔ ایسا ہی کرنا چاہیئے، ہم ان کے پارٹی سیکرٹریٹ کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں۔ اور یہ حکم بھی دیتے ہیں کہ انہیں دوبارہ تنگ نہ کیا جائے۔۔ جی حضور، ہماری مجال۔۔
حضور والا یہ بتائیں کہ اسلام آباد کے اس مال کے دو فلور ڈی سیل کر دیں؟۔ نہیں بالکل نہیں قانون کی خلاف ورزی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔۔ سر نسلہ ٹاور کے بارے میں کیا حکم ہے؟۔ وہاں تو عمارت گرائی جا چکی۔۔ اب کیا ہونا ہے، بہرحال وہاں یہ لوگوں کو بتائیں کہ یہ زمیں غیر قانونی تھی اس لیے حکم ہوا تھا کہ اسے گرایا جائے اب اگر کوئی رہائشی اس پر احتجاج کرے تو انہیں بتا دیں کہ قانون کا اور عدالت کے فیصلے کا احترام کریں، دوبارہ بیرون ملک جائیں اور پھر دولت کما کر لائیں تو احتیاط سے سرمایہ کاری کریں۔۔ ورنہ پھر سرمایہ کاری ڈوب سکتی ہے۔۔ بس اور کوئی سوال کرنے کی اجازت نہیں عدالت برخاست کی جاتی ہے۔۔
کیا کیس ہے؟۔ حضور ان سب نے اپنے لیڈر کے گرفتار ہونے پر ہنگامہ آرائی کی، توڑ پھوڑ کی، یہ جناح ہائوس لاہور میں گھسے اور وہاں انہوں نے اسے آگ لگا دی، قیمتی اشیا چرا کے لے گئے، یہ پشاور ریڈیو میں گھسے اسے جلا دیا، انہوں نے تمام شہدا کی یادگاروں کو جلا دیا، ان کے مجسموں کی تضحیک کی، انہیں سڑکوں پر گھسیٹا۔۔
مزید پڑھیں: بلاوا۔۔۔!!
یہ بتائیں ان کا قصور کیا ہے؟۔ انہیں گرفتار کیوں کیا گیا ہے؟۔ ان معصوم نوجوانوں، ان کے لیڈرز کو کیوں پکڑا ہوا ہے۔۔
حضور والا یہ سب لیڈرز ہی تھے جنہوں نے انہیں یہ سب کرنے پر اکسایا، ان کی قیادت کی۔۔
پھر بھی انہیں کیسے سزا دی جا سکتی ہے۔۔ ان سب کو رہا کیا جائے یہ ہمارا حکم ہے۔۔
سر سب کو رہا کر دیں گے تو ریاست کی رٹ کہاں جائے گی؟۔
آپ ریاست کی رٹ کی بات کرتے ہیں، ہماری رٹ نہیں رہے گی۔۔ ہم پر یہ ایجنسی کے لوگ دباو ڈال رہے ہیں، یہ ہماری کال ٹیپ کرتے ہیں، یہ ہمارے کمروں میں کیمرے لگاتے ہیں۔۔ ان کا معاملہ حل کریں۔۔
حضور والا ان کے قائد ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ کال ٹیپ کرنا ایجنسیوں کا حق ہے، انہوں نے کہا تھا ایجنسیوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ ہم سب کیا کر رہے ہیں۔۔ اس لیے اب شور مچانے کا کیا فائدہ؟۔ شوکت عزیز صدیقی صاحب نے جب یہ بات کی تھی تو آپ نے ان کا ساتھ نہیں دیا تھا ان کا سوشل بائیکاٹ کر دیا تھا، اب کیوں شور مچا رہے ہیں؟۔
اسے پکڑو، جیل میں ڈالو۔۔ یہ توہین عدالت کا مرتکب ہوا ہے۔۔
حضور والا میں نے تو صرف سوال کیا تھا، میں غیر مشروط معافی مانگتا ہوں،، مجھے معاف کر دیں۔۔
معاف نہیں کریں گے نوٹس جاری کیا جائے۔ اپنی توہین ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔۔ شہیدوں کی توہین ہونا کوئی بڑی بات نہیں مگر ہم منصف ہیں ہماری توہین نہیں ہونی چاہیئے۔۔