لندن(صبیح زونیر)روانڈاواپس بھیجے جانے کے لیے حراست میں لیے گئے پناہ کے متلاشیوں کی نمائندگی کرنے والے وکلاءنے کہاہے کہ ان کے 79 مؤکلوں کو اب ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اپریل کے آخر سے سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو حراست میں لے لیا گیاتھا۔
درجنوں زیر حراست افراد کی ضمانت کی تصدیق اس وقت ہوئی جب حکومتی وکلاء نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ 24 جولائی سے پہلے کوئی پرواز نہیں جائیگی۔
ہوم آفس نے کبھی بھی حراست میں رکھے گئے قیدیوں کی تصدیق نہیں کی ہے اور کہا کہ وہ روانڈا آپریشن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دے سکتے۔
وکلانے اس موقع پر کہاکہ ان کے مؤکلوں پر غیر ضروری اور طویل حراست کے نقصان دہ اثرات کا ابھی تک مکمل جائزہ لینا باقی ہے۔
ایک دوسری قانونی فرم ولسنز نے بتایاکہ کہ ان کے تمام 15 کلائنٹس، جنہیں مخصوص آپریشن کے تحت حراست میں لیا گیا تھا ان کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔