هفته,  23 نومبر 2024ء
پاک ، بھارت میچ کے دوران عمران خان کی رہائی کیلئے بینر لہرانے والا شخص کون ؟شہباز گل نےراز کھول دیا

 

اسلام آبا د(روشن پاکستان نیوز)ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں گزشتہ روز ہوئے پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران عمران خان کی رہائی کیلئے بینر لہرانے والا شخص سامنے آگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جاری میچ میں لوگوں کی نظر فضا میں بلند ایک چھوٹے طیارے پر پڑی جو کہ ایک بینر لہراتا ہوا محو پرواز تھا۔مذکورہ بینر پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے اس کی ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے بینر اڑانے والے فرد کو متعارف کرایا۔

 

انہوں نے ایک تصویر شیئر کر کے بتایا کہ یہ ہمارے وہ ہیرو ہیں جنہوں نے نیویارک کے اسٹیڈیم میں عمران خان کی رہائی کا بینر اڑانے کا انتظام کیا، ساتھ ہی انہوں نے ایکس ہینڈل مینشن کر کے اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔ایکس سے معلوم ہوا کہ مذکورہ فرد کا نام غازی خان ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے سائبر سیکیورٹی پروفیشنل ہیں۔انہوں نے بھی اپنی نیوز فیڈ پر پائلٹ کے کیبن سے بینر لہرائے جانے کی تصاویر شیئر کیں۔

ساتھ ہی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ بھارت بمقابلہ پاکستان کرکٹ میچ کے دوران فضائی پیغام رسانی مہم ’ریلیز عمران خان‘ پر کام کرنا اعزاز کی بات تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا نظریہ دبایا یا بھلایا نہیں جا سکتا،بیرون ملک مقیم پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔اس کے ساتھ انہوں نے اس مہم میں تعاون کرنے پر دیگر افراد اور تنظیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی جو اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

مزید خبریں