لاہور (روشن پاکستان نیوز)بین الاقوامی ادارے کیو ایس نے پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا کا سب سے ترقی کرنے والا ادارہ قرار دے دیا۔
عالمی درجہ بندی میں بے مثال ترقی پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیو ایس نے واشنگٹن میں ایڈو ڈیٹا سمٹ کا انعقاد کیا ہے۔پاکستان ایمبیسی امریکہ نے سمٹ میں ایشیا میں سب سے بہتر ترقی کرنے والے کا ایوارڈ وصول کیا۔
پنجاب یونیورسٹی نے 5 سال میں چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور کی یونیورسٹیوں سے مقابلہ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔پریس کانفرنس میں چیئرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر عثمان اعوان، سیکرٹری ڈاکٹر شفیق الرحمان نے بھی شرکت کی۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بھی حیران کن اضافہ ہوا ہے۔
پچھلی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کے بہترین 740-750 اداروں میں شامل تھی، ایک سال میں عالمی درجہ بندی میں 170 درجے بہتری کا حصول غیر معمولی ہے۔ رینکنگ کمیٹی نے دن رات کام کیا، پنجاب یونیورسٹی نے گریجویٹس کی ملازمت کے زمرے میں پاکستان میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کی۔