لوٹن (روشن پاکستان نیوز)برطانیہ میں عام انتخابات جولائی میں ہوں گے،اس حوالے سے برطانیہ کے شہر لوٹن میں برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی اورسینئر سیاستدان جارج گیلوے کی ورکرز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔لوٹن میں ورکر پارٹی کے امیدوارپاکستانی نژادڈاکٹر یاسین رحمان ہیں۔ورکرزپارٹی کے سربراہ جارج گیلوے نے ڈاکٹر یاسین رحمان کو ورکرز پارٹی گریٹ بریٹن کا لوٹن ساؤتھ 4جولائی کے پارلیمانی انتخابات کے لیے امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر یاسین رحمان آکسفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ہیں آزاد کشمیر کے علاقہ جونہ چڑھوئی کوٹلی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ملازمتیں بھی کیں اور ذاتی کاروباری ادارے چلانے کے علاوہ انہوں نے سیاسی عمل میں متحرک رول بھی ادا کیا ہے۔ برطانیہ کی مقامی گورنمنٹ اور قومی سیاست دونوں میں عملی شرکت کا تجربہ رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر یاسین رحمان نے کہاکہ کنزرویٹو ووٹ ان کے اور ریفارم یوکے کے درمیان بڑے پیمانے پر تقسیم ہو جائیں گے۔ لبرلز کا اپنا امیدوار ہے۔ گرین پارٹی کے پاس بھی امیدوار ہے۔عوام لوٹن ساؤتھ اور نارتھ میں سمجھداری سے ووٹ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورکرز پارٹی آپ کی حمایت سے لیبر کو شکست دے گی۔ورکرز پارٹی کو ووٹ دیں۔،ڈاکٹر یاسین رحمان کو ووٹ دیں۔
چندروزقبل رطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک نے برطانوی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی برطانوی پارلیمنٹ میں 650 اراکین پارلیمنٹ کی سیٹیں ایک جھٹکے میں خالی ہو گئی ہیں۔
نئے انتخابات امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر 4 جولائی کو ہورہے ہیں۔
برطانیہ کی موجودہ کنزرویٹیو پارٹی کی حکومت کی مدت کار دسمبر میں پوری ہونی تھی ۔
برطانیہ کے اصولوں کے مطابق یہاں 28 جنوری 2025 سے پہلے اور 17 دسمبر کے بعد انتخاب کرایا جانا تھا، لیکن وزیر اعظم رشی سنک نے چھ ماہ قبل ہی اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا ہے۔
ایسے میں اب 4 جولائی کو برطانیہ میں انتخاب کرائے جائیں گے۔چونکہ 4 جولائی کو عام انتخاب ہونے ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ تحلیل کر دیا گیا ہے، اس لیے اب انتخابی تشہیر کے لیے محض 5 ہفتہ کا وقت بچا ہے۔