حافظ آباد(شوکت علی وٹو) ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث امجد عرف دھماکہ اور حافظ آباد پولیس کے درمیان گزشتہ روز پولیس مقابلہ ہوا ۔تھانہ کالیکی منڈی اور آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی ٹیمز نے ڈیرہ سبطین شاہ پر مطلوب اشتہاری کی گرفتاری کی غرض سے ریڈ کیا تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائر کھول دیا۔
انچارج آرگنائزڈ کرائم یونٹ انسپکٹر عہدحسین تارڑ اور ایس ایچ او تھانہ کالیکی منڈی میاں ظہیر نے ڈیرہ سبطین شاہ کو گھیرے میں لے لیا۔ملزم نے پولیس پر فائرنگ کھول دی دوران فائرنگ ملزم باآواز بلند بولتا رہا کہ میں خود کو گولی مارلوں گا یا پولیس ملازمین کو شہید کر دونگا، پولیس اوراشتہاری کے درمیان فائرنگ دیر تک جاری رہی۔فائرنگ رکنے پر پولیس پارٹی نے قریب جا کر دیکھا تو ملزم مردہ حالت میں تھا اشتہاری امجد علی عرف دھما کہ 50سے زیادہ مقدمات میں ملوث تھا اشتہاری امجد علی عرف دھما کہ ضلع اٹک ، چکوال ،راولپنڈی ،فیصل آباد، گولڑہ شر یف اور ضلع حافظ آباد میں متعدد مقدمات میں اشتہاری تھا۔
ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار نے پولیس ٹیمز کو شاباش دی اور نقد انعام کا بھی اعلان کیا اور ایک اور کیس میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ انسپکٹر عہد حسین تارڑ کی زیر نگرانی بڑی کاروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی (سیالکوٹ ،وزیر آباد ، گجرات ، منڈی بہاولدین ،حافظ آباد ) احمد ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا جو قتل کے مقدمات کے ساتھ ساتھ گاڑیوں ،موٹر سائیکل سواروں، راہگیروں سے نقدی اور موبائل چھیننے میں ملوث تھے۔
جن پر مختلف اضلاع میں 392/397/395/302 کے مقدمات درج ہیں۔احمد ڈکیت گینگ میں ملوث ڈکیتوں کے گروہ کو حافظ آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ ڈکیت گینگ کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈکیتوں کے خلاف خصوصی آپریشن ضلع حافظ آباد میں جاری رہیں گے۔ایسے ملزمان کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے.











