لوٹن(روشن پاکستان نیوز)چارجولائی کو برطانیہ کے عام انتخابات میں ورکرپارٹی کے لوٹن سے امیدوارپاکستانی نژاد ڈاکٹر یاسین رحمان نے غزہ میں جاری نسل کشی کے حوالے سے برطانوی حکومت کے کردار کا پردہ فاش کرتے ہوئے عوام کو بتایا ہے کہ برطانوی سیاسی نظام پر ہٹ دھرمی کس حد تک حاوی ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتیں معصوم بچوں کو بچانے کے لیے جنگ بندی کی حمایت بھی نہیں کر سکتیں ،اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ سنجیدگی سے کارروائی کی جائے۔
انہوں نے برطانوی سیاسی نظام اور سیاسی جماعتوں پر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ مطلب پرست سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں نے غزہ جنگ کے معاملے پر جان بوجھ کر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں موجود تمام سیاسی پارٹیاں ایک جیسی نظر آتی ہیں، اوران کے ارکان ایک جیسے دکھتے ہیں اورصرف منافع خوروں اور ارب پتیوں کی خدمت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مجھے پکا یقین ہے اگر اب تبدیلی نہ لائی گئی تو لوٹن میں ہماری اگلی نسل قرضوں کے بوجھ سے غریب ہو جائے گی۔ ہمیں برطانیہ کے محنت کش لوگوں کے لیے برطانوی سیاست کو دوبارہ خدمت کے لئے بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمیں اصولی سیاست کی ضرورت ہے جس کا بنیادی مقصد برطانوی محنت کش لوگوں کی زندگیوں کی بہتری اور اپنے بچوں کی پرورش کے لیے ایک محفوظ، صاف ستھرابرطانیہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ برطانیہ کی ورکرز پارٹی ہی وہ آواز ہے جو ان تمام منصوبہ جات کو عملہ جامہ پہنا سکتی ہے ۔
انہوں نے ایک بار پھر عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہمیں ایوان میں پہنچائیں ہم مفادپرست سیاسی جماعتوں کا احتساب کریں اور ہماری آنے والی نسلوں کو تباہ ہونے سے روکیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملکی اور عالمی سطح پر انصاف کو دوبارہ قائم کرنے اور اپنے خاندانوں کے لیے ایک بہتر مستقبل بنانے کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔عوام نظام کو احتساب کے لیے پرکھنے اور برطانیہ کے لیے ایک نیا وژن پیش کرنے کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں اورلیوٹن ساؤتھ اور لوٹن نارتھ ورکرز پارٹی کو ووٹ دیں۔