بدھ,  27 نومبر 2024ء
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبےکی 4ہزار بچیوں کی اجتماعی شادی کروانے کا فیصلہ کر لیا،فی کس گرانٹ اور دیگر تمام تفصیلات جانیں

خیبرپختونخوا (روشن پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے جہیز کی رقم سے صوبے کی 4 ہزار لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لڑکیوں کی شادی کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت سوشل سیکیورٹی فنڈز کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سوشل سیکیورٹی فنڈز کے بہتر استعمال کے لیے نیا ماڈل مرتب کیا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی 4 ہزار لڑکیوں کی شادی جہیز کی رقم سے کی جائے گی، اس سلسلے میں تمام اضلاع سے مستحق لڑکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ امین گنڈا پور نے کہا کہ لڑکیوں کو اتنی رقم دی جائے کہ وہ شادی کے ساتھ ساتھ روزگار کا بندوبست کر سکیں۔ اجتماعی شادی کے پروگرام میں آبادی کے تناسب سے ہر ضلع کو کوٹہ دیا جائے۔وزیراعلیٰ نے زکوٰۃ کمیٹیوں کے ہر فورم میں کم از کم 3 خواتین کی نمائندگی کو یقینی بناتے ہوئے خصوصی ضرورت مند افراد کو معیاری الیکٹرک وہیل چیئر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

زکوٰۃ کمیٹی کی مدت 3 سے بڑھا کر 5 سال کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی فلانتھروپک کنٹری بیوشن فنڈ کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ قانون میں ترامیم کا مسودہ پیر تک پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں