اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی اور بلوں میں ہوشربا اضافہ افسوسناک ہے۔
اس تباہی کے دہانے پر آخر ملک کو کون لے کر آیا ہے، آئی ڈی پیز کا پھندا عوام کے گلے میں جس نے بھی ڈالا ہے وہ ان مسائل کے ذمہ دار ہیں، نصیحت کرتا ہوں کہ حکمران عوامی مسائل اور مجبوریوں کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کردار ادا کریں، لوگوں کو چاہیے کہ وہ سولر انرجی کا انتظام کریں اور اس سے استفادہ کرتے ہوئے مشکلات پر قابو پائیں، عام آدمی کے لیے معاشی مشکلات سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہیں، پھر اس گھمبیر صورت میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے اور گیس سلنڈر بھی جان لیوا ثابت ہو رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدید لہر میں عوام اپنے آپ کو محفوظ رکھیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور جسم میں پانی کی کمی ہرگز نہ ہونے دیں۔
افسوس کی بات ہے کہ ملک اور عوام کو گیس، بجلی اور صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مشکلات بڑھ رہی ہیں، بجلی کی بندش سے خصوصا ًبچے اور بوڑھے بیمار ہو رہے ہیں، گھریلو نظام درہم برہم ہو رہا ہے، ساتھ ہی مہنگے بلوں نے عوام کے لئے خود کشیوں کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا ہے، لہذا بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔











