اتوار,  22 دسمبر 2024ء
28مئی پاکستانی قوم کے لئے فخر اور خوشی کا دن ہے ،سحرکامران کایوم تکبیر پر پیغام

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے 26ویں یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سوشل
میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے فخر اور خوشی کا دن ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

*انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کی صلاحیت رکھنے والے ممالک کے منتخب گروپ میں شامل ہوا۔ پاکستان نے مکمل طور پر اپنے دفاع میں کام کیا اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، جو بھارت کے ایٹمی دھماکوں سے متاثر ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اسے کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے۔ پاکستان نہ تو خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خواہاں ہے اور نہ ہی کسی علاقائی ملک کی بلیک میلنگ کا شکار ہو گا۔ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن اور تزویراتی استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

*سحر کامران نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جوہری ہتھیاروں کا پروگرام شروع کرنے پر اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنے والد کی میراث کو آگے بڑھانے اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

سحر کامران نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نہ بھولنے کی اہمیت کا اعادہ کیا جنہوں نے قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پڑوسی ممالک کی طرف سے لاحق خطرات کو بے اثر کرنے کے لیے جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر، پاکستان قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس اور ذمہ داری کی پالیسی پر گامزن رہے گا، جس کا مقصد تمام علاقائی مسائل کے پرامن حل کو یقینی بناتے ہوئے سٹریٹجک سطح پر استحکام کو بڑھانا ہے۔

سحر کامران نے سائنسدانوں، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور مسلح افواج کی کاوشوں کی بھی تعریف کی، جن کے تعاون نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بشمول شہری، فوجی اہلکار اور سائنسدان ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے امن، استحکام اور ملک کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید خبریں