راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں کانگو وائرس کے 2 مریض دم توڑ گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق رواں ماہ اٹک سے 3 مریض لائے گئے جن میں سے 2 دم توڑ گئے جب کہ کانگو وائرس کا تیسرا مریض زیر علاج ہے۔
ڈی ایم ایس بے نظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر جنید نے بتایا کہ کانگو ایک مہلک وائرس ہے اور اس سے بچاؤ کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں، کانگو وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جنید نے کہا کہ مسوڑھوں، ناک اور پاخانے سے خون آنا اور تیز بخار کانگو وائرس کی علامات ہیں۔ دوسری جانب اٹک کی ضلعی انتظامیہ نے مویشیوں کی اٹک سے دیگر علاقوں میں نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اٹک سے مویشیوں کی بین الاضلاع اور بین الصوبائی نقل و حرکت پر 7 روز کے لیے پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ محکمہ صحت پنجاب نے 9 رکنی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم اٹک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔