مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیا کنٹرول میں بات ہی نہیں کرسکتے۔میری بہن کو زندگی کا خطرہ ہے۔عمران خان کو اپنی قوم پر بھروسہ ہے کہ وہ ان کے لئے آواز اٹھائے گی۔دورہ برطانیہ کےلیے مجھے پارٹی اجازت کی ضرورت نہیں۔
مانچسٹر میں پی ٹی آئی کی نارتھ ویسٹ ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مریم ریاض وٹو نے کہا کہ دورہ برطانیہ کا مقصد برطانوی حکومت اور پاکستانی کمیونٹی کو حالات سے آگاہی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیرمی کوربن نے بانی پی ٹی آئی کےلیے آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، مریم ریاض وٹو نے مزید کہا کہ جیرمی کوربن نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اراکین پارلیمنٹ کا وفد لے جانے کی تجویز دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہن بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا، بروقت چیک اپ کی اجازت نہیں دی گئی۔
مریم ریاض وٹو نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی فوج پر نہیں بلکہ اصل ذمے داروں پر تنقید کرتے ہیں، فرح گوگی پر الزامات ہیں لیکن آج تک کوئی ثبوت نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے دورے کیلئے مجھے پارٹی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔











