وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا نگران دور کے تمام اقدامات کی تحقیقات کروانے کا اعلان

پشاور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نگران دور کے تمام اقدامات کی تحقیقات کروانے کا اعلان کردیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران علی امین کا کہنا تھا کہ نگران دور میں انتظامی اور معاشی اقدامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹیاں بنائی جائیں گی، نگران حکومت کا دورانیہ بڑھنے کی وجہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تھی، جو بھی پی ڈی ایم نے کیا وہ ان کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

وزیر اعلٰی نے کہا کہ اپوزیشن کا نگران حکومت کے بجٹ کے خلاف بیان دینا خود پر تنقید کرنے کے برابر ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تنقید ہوتی ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی نہیں رہی لیکن پارٹی نشان نہ ہونے کے باوجود عوام نے ہمیں اکثریت دی، جن پر ظلم ہوا الزام بھی انہی پر لگایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ جو دھاندلی ہوئی ہے تو اس پر حلقے کھلیں گے اور چوری کیا ہوا مینڈیٹ ہمیں ضرور ملے گا، کوئی کہتا ہے کہ ہم جھوٹ بول رہے ہیں تو سب سے پہلا میرا حلقہ کھول لو، ہم سب اپنے حلقے کھولنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں تو ذمہ داریاں بھی پوری کریں، خیبر پختونخوا کو وفاق سے 300 ارب روپے کم ملے، میں ریکارڈ کے مطابق بات کر رہا ہوں، اس کے بعد آئی ایم ایف کے شرائط کے مطابق 96 ارب روپے ہمیں وفاق کو دینے ہیں تو ہمیں ہمارے ہی پیسے نہیں مل رہے، لیکن تب بھی میں اپنا فرض پورا کروں گا اور یہ پیسے دوں گا، پر کیا پنجاب اور سندھ اس فرض کو پورا کریں گے؟ آئین بھی آپ توڑتے ہیں اور آئین کا لیکچر بھی آپ دیتے ہی، غیر جمہوری ہو کر آپ جمہوریت کا لیکچر بھی دیتے ہیں۔

وزیر اعلٰی نے بتایا کہ ان کا رویہ ناقابل برداشت ہے، ہمیں اس وقت کا جو 50 ارب روپے بقایا ہے وہ ہمیں دو مہینے کے اندر چاہیے، آپ کہتے ہیں کہ میں غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں تو اپنے لوگوں کی حق کی بات کرنا غیر ذمہ داری ہے تو میں ہوں غیر ذمہ دار، ہم چپ نہیں ہوں گے، ہم حق لینا جانتے ہیں، ہم نے حق لے کے دکھایا بھی ہے، ہماری تاریخ عیاں ہے، بار بار درخواست نہیں کی جاتی ہے، اس کی بھی حد ہوتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پیسہ صوبے کو نہیں ملا، ہمیں ہمارا حق دیاجائے، مجبور نہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: علی امین گنڈا پور کی پیسکو پر قبضے کی دھمکی،بڑی شرط پورا کرنے کیلئے ملت بھی دیدی

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سلوک پر سیاسی جماعتوں کوایک نہ ایک دن ندامت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں بیٹھنے والا صوبے کو ریلیف دلوائے گا، ریلیف نہ دینے والے کو اندر بھی کرسکتا ہوں، عوام نے ہمیں ووٹ اچھے تعلقات کے لیے نہیں گھرکی جنگ کے لیے دیا ہے، بجلی کا مسئلہ 15 دن میں حل نہ کیا تو بجلی کا بٹن میں آن آف کروں گا، پی ٹی آئی حکومت 16 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت چھوڑ کر گئی تھی، میں اپنے عوام کے لیے چور کا لفظ برداشت نہیں کروں گا، چور کون ہے سب جانتے ہیں، بات نہ سنی گئی تو خیبرپختونخوا میں واپڈا دفاتر پر قبضہ کرکے دکھاؤں گا، ایک کے بعد ایک لیکس آرہی ہیں، سب کو پتا چل رہا ہے کہ کس نے چوری کی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کشمیر میں ایک دن میں آپ کی ہوا نکل گئی ،ہم آگئے تو تمھارا کیا ہوگا؟

مزید خبریں