اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت مستعفی ہو کر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں کیونکہ حالیہ الیکشن کو الیکشن کہنا ظلم ہے، آئین اور آئینی اداروں کی بالادستی ہونی چاہیے، ایسا نہیں ہو سکتاکہ اسٹیبلشمنٹ ماتحت بھی ہو اور حاکم بھی۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تحریک چلانے کا منصوبہ بنا رہی ہے جب کہ ہم نے دھاندلی کے خلاف تحریک شروع کی ہے، انتخابی نتائج پر دوٹوک موقف اپنایا ہے۔ دوسری جماعتیں بھی دھاندلی کے خلاف تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ یہ حکومت ڈیلیور کر پائے گی کیونکہ موجودہ اسمبلی بہت کمزور ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) حکومت کا حصہ نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم نہ اٹھی تو ہم غلامی کی طرف جا رہے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ اسمبلیاں بیچی جارہی ہیں اور امیدواروں سے کروڑوں روپے لئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، مذاکرات سے انکار نہیں کریں گے، مذاکرات کے لیے ماحول بنایا گیا تو ساتھ دیں گے۔ پی ٹی آئی کے دو وفود میرے پاس آئے۔ ملتے رہیں۔